Jan ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • جرمنی نے یوکرین کو لڑاکا طیاروں کی فراہمی پر جواب دے دیا

جرمنی نے یوکرین کو لیپرڈ 2 جنگی ٹینکوں کی فراہمی کے اعلان کے چند دن بعد ’’ لڑاکا طیاروں‘‘ کی فراہی سے انکار کر دیا۔

سحر نیوز/دنیا: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ہتھیاروں کے لیے جنگ کی حمایت کے خلاف خبردار کیا۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ ان کی توجہ جرمن ساختہ لیپرڈ 2 ٹینکوں کی فراہمی پر ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ابھی ٹینک بھیجنے کے بارے میں ایک فیصلہ کیا ہے لیکن لڑاکا طیاروں کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے جو کہ فضول ہے۔

انہوں نے روسی صدر پوتین کے ساتھ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے بات کرنے کی ضرورت ہے، لیکن میں ہمیشہ واضح رہا ہوں کہ یوکرین پر روس کا حملہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے اور صرف روس کی فوجوں کے انخلاء سے ہی صورتحال حل ہو پائے گی۔

یاد رہے کہ جرمنی کی جانب سے گزشتہ ہفتے روس کے خلاف یوکرین کو لیپرڈ ٹو ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جسے امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی خوش آئند قرار دیا تھا۔

مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کی اسلحہ جاتی مدد پر روسی صدر کے سابق مشیر سرگئی کاراگانوف خبردار کر چکے ہیں کہ مغربی ممالک کا یہ اقدام ان کے خلاف ممکنہ فوجی جوابی کارروائی کا باعث ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کو ٹینک بھیج کر نیٹو ممالک جنگ میں کھلےعام شامل ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ ممکنہ طور پر ماسکو کی افواج کا ہدف بن سکتے ہیں۔

کاراگانوف نے نیٹو پر یوکرین جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قطعی طور پر ایک روسی یوکرین جنگ نہیں ہے، یہ ایک روسی، مغربی جنگ ہے جس میں یوکرین کو توپ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس