Feb ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • نتن یاہو نے مظاہروں کو کچلنے کے لئے شاباک کو میدان میں اتار دیا

نتن یاہو کی کابینہ کے خلاف جاری مظاہروں میں شامل مظاہرین کے خلاف صیہونی حکومت کی خفیہ ایجنسی شاباک کی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھ گیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: صیہونی اخبار ہارٹص نے بنیامن نتن یاہو کی کابینہ کے خلاف احتجاجی  مظاہرے کرنے والے صیہونیوں کے خلاف شاباک کی انٹیلی جنس سرگرمیوں کے دائرہ کار میں اضافے کی اطلاع دی ہے۔

صیہونی حکومت میں انٹیلی جنس اینڈ انٹرنل سیکیورٹی آرگنائزیشن (شاباک) نے بنیامن نتن یاہو کی دائیں بازو کی کابینہ کے خلاف احتجاج کرنے والے صیہونی کارکنوں کے خلاف اپنی انٹیلی جنس سرگرمیوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی صیہونی حکومت کے خلاف ہے۔

ہارٹص اخبار کی ویب سائٹ کے مطابق، شاباک نے حالیہ مہینوں میں بائیں بازو کے ان انتشار پسندوں کے خلاف اپنی کارروائیوں میں توسیع کر دی ہے جو صیہونی حکومت کے عدالتی نظام کے کمزور ہونے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور نئے مظاہروں کی تیاری کر رہے ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق شاباک مقبوضہ فلسطین میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔

شاباک کا دعویٰ ہے کہ وہ سرکاری اداروں کو نشانہ بنائے جانے پر فکر مند ہے اور اسے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

صیہونی پولیس کے ایک ذریعے نے بھی اعتراف کیا ہے کہ شاباک کی کارروائی انٹیلی جنس پولیس کے ساتھ ہے اور اس سلسلے میں پولیس اور شاباک کے درمیان کافی تعاون پایا جاتا ہے۔

مسلسل چھ ہفتوں سے صیہونی مظاہرین، نتن یاہو کی کابینہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔ یہ مظاہرے صیہونی دار الحکومت تل ابیب اور تل ابیب کے مرکز میں ہو رہے ہیں جن میں لاکھوں مظاہرین صیہونی حکومت کا پرچم اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ہیں۔

ٹیگس