Feb ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۴:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکہ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے کی وضاحت پیش کرے: روس

روس کی وزارت خارجہ نے امریکہ کو چند ماہ قبل نورڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے کی رپورٹ اور دستاویزات سلامتی کونسل کو پیش کی جا رہی ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: چھبیس ستمبر سن دو ہزار بائیس کو بحیرہ بالٹک کے ذریعے روسی گیس یورپ لے جانے والی  پائپ لائن نورڈ اسٹریم ون اور نورڈ اسٹریم ٹو میں ایک دھماکہ ہوا جس کے بارے میں مشہور امریکی صحافی سیمور ہرش نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی بحریہ کے غوطہ خوروں نے اس پائپ لائن پر بم نصب کئے تھے۔ انہوں نے ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ گذشتہ سال جون کے مہینے میں نیٹو کے بالٹا آپس بائیس فوجی مشقوں کی آڑ میں اس پائپ لائن پر بم نصب کیا جسے تین مہینے بعد ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا۔ اس دھماکے میں نورڈ اسٹریم کے چار پائپ لائن میں سے تین کو شدید نقصان پہنچا۔ 
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے امریکہ کی جانب سے اس تخریبی کارروائی میں ملوث ہونے سے انکار پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ کے خیال میں منظر عام پر آنے والی تحقیقات اور ڈیٹا کی کوئی اہمیت نہیں ہے تو واشنگٹن کا فرض بنتا ہے کہ اپنی بے گناہی کا ثبوت پیش کرے، کیونکہ تمام شواہد کے مطابق، امریکہ اس حملے کا اصل ذمہ دار ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ روس نے نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کے معاملے میں سلامتی کونسل کے اجلاس کی تشکیل کی درخواست دے دی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے نائب مندوب دمیتری پولیانسکی نے کہا ہے کہ ماسکو نے جمعے کے روز نورڈ اسٹریم ایک اور دو گیس پائپ لائنز کے معاملے میں بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کا مسودہ سلامتی کونسل کو پیش کردیا ہے جس پر ووٹنگ ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران انجام پائے گی۔ 
قابل ذکر ہے کہ روس کی جانب سے پیش کردہ اس موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بائیس فروری کو طے ہے۔ 
دوسری جانب روس کی پارلیمان ڈوما نے بھی اس معاملے کو سلامتی کونسل میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ ماسکو اس معاملے کوانجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ امریکی مشہور صحافی سیمور ہرش نے کہا ہے کہ اس آپریشن کا فیصلہ جو بائیڈن نے کیا تھا تاہم وائٹ ہاؤس نے اپنی بے گناہی کا ثبوت پیش کئے بغیر اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔

ٹیگس