امریکہ نے یوکرین کیلئے جاسوسی بھی شروع کر دی
Mar ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
روس کا کہنا ہے کہ امریکہ نے یوکرین کیلئے جاسوسی بھی شروع کر دی ہے۔
سحر نیوز/دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں روس کے سفیر آناتولی آنتونوف نے کہا ہے کہ امریکہ کے جاسوس ڈرون طیارے ایسی معلومات اکھٹا کر کے یوکرین کو دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جس کی رو سے روسی سرزمین اور روسی فوجیوں پر حملہ کیا جا سکے۔
روسی سفیر نے منگل کے روز بحیرۂ اسود کے اوپر امریکہ کے ایک ڈرون کی سرنگونی کے بارے میں کہا کہ ہماری سرحدوں کے قریب امریکہ کی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ امریکہ کے ڈرون طیارے کس مشن پر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ڈرون ایم کیو نائن ریپر، روسی جنگی طیارے سوخو27 سے ٹکرا کر سرنگوں ہو گیا تھا جس کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے واشنگٹن میں تعینات روسی سفیر کو طلب کیا تھا۔