Mar ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • روس نے برطانیہ کو متنبہ کردیا

روسی صدر ولادیمیرپوتین نے یوکرین کے لئے غیر افزودہ یورینیم کے حامل اسلحے سے لیس ٹینک یوکرین کو ارسال کرنے کے برطانیہ کے منصوبے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ماسکو اس کا مناسب جواب دے گا

سحر نیوز/ دنیا: روسی صدرولادیمیرپوتین نے ماسکو میں چین کے صدر شی جن پینگ کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ اگر برطانیہ نے ایسا کیا تو روس اس کا مناسب جواب دے گا خاص طور پر اس لئے بھی کہ مغربی ممالک ایٹمی اجزا والے اسلحوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔

روسی وزیردفاع سرگئی شویگو نے بھی اس بارے میں کہا کہ غیر افزودہ یورینیم کے حامل اسلحے سے لیس ٹینک یوکرین کو فراہم کرنے پر مبنی برطانیہ کے فیصلے نے ماسکو اور مغرب کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم کے خطرے کو قریب کردیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بھی اس سے پہلے خبردار کیا تھا کہ مغرب یوکرین کے بارے میں وہی سیناریو انجام دے رہا ہے جو اس نے یوگسلاویہ کے بارے میں انجام دیا تھا روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر افزودہ یورینیم والے ہتھیاروں کے استعمال سے کینسر کے پھیلاؤ اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوگا   
واضح رہے کہ برطانوی وزیرجنگ انابل گلڈی نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ چیلنجر دو ٹینکوں کے کچھ ہتھیار جنھیں لندن یوکرین کے لئے ارسال کرنے والا ہے غیر افزودہ یورینیم سے لیس ہیں ۔
برطانوی وزیرجنگ کا کہنا تھا کہ غیر افزودہ یورینیم آسانی کے ساتھ ٹینکوں اور بکتربندگاڑیوں میں سرایت کرسکتے ہیں اس کے علاوہ ان ہتھیاروں کے استعمال سے پھیلنے والے گرد وغبار انسانوں کی سلامتی خاص طورپر انسانوں کے پھیپھڑوں اور دیگر اعضائے رئیسہ پر تباہ کن اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
اس درمیان امریکی کانگریس کے چار سینیئر ریپبلیکنز ممبران نے جنگ یوکرین میں امریکا کی طرف سے بھڑکائی گئی آگ کو مزید ہوا دینے کے لئے امریکی صدر بائیڈن سے کہا ہے کہ وہ کلسٹر بم یوکرین کو ارسال کریں ۔ امریکی صدر بائیڈن کو ارسال کئے گئے خط پر  سینیٹ میں خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے رکن جیم ریش ، سینیٹ کی مسلح افواج کی کمیٹی کے رکن راجر ویکر، ایوان نمائندگان میں خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ میک کال اور ایوان نمائندگان میں مسلح افواج کی سروسز کمیٹی کے سربراہ مائیک راجر نے دستخط کئے ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کلسٹر بم یوکرین کو بھیجنے پر رضامند ہوگی یا نہیں ۔
خبررساں ادارے رویٹر نے پہلے رپورٹ دی تھی کہ یوکرین کلسٹربم اور توپ کے کلسٹر گولے حاصل کرنا چاہتا ہے۔
یوکرین نے امریکی کانگریس کے ارکان سے درخواست کی تھی کہ وہ ان ہتھیاروں کی فراہمی کے لئے بائیڈن انتظامیہ پر دباؤ ڈالیں۔ 
یہاں یہ بات قابل ذکر ہےک  کلسٹربم جن پر ایک سوچالیس ملکوں نے پابندی لگا رکھی ہے پھٹنے کے بعد ایک بڑے علاقے میں ایسے  بہت زیادہ چھوٹے چھوٹے بموں کو پھیلادیتا ہے جو پھٹنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں کی جان لے لیتے ہیں ۔

ٹیگس