Apr ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
  • براہ راست جھڑپوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے: روس کا نیٹو کو انتباہ

روس کے وزیر دفاع نے فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے انجام کی جانب سے خبردار کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو نے کہا ہے کہ نیٹو میں فن لینڈ کی شمولیت نے جھڑپوں کے خطرے کو بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو روس اور بیلاروس کی سرحدوں کے قریب اپنی سرگرمیوں اور ماسکو مخالف اقدامات میں شدت لا رہا ہے جس کے نتیجے میں کشیدگی بری طرح بڑھ جائے گی۔  سرگئی شویگو نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کی مداخلت پسندی کے نتیجے میں یوکرین کی جنگ کے دائرے میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ روسی افواج، یوکرین کو دیے جانے والے مغربی ہتھیاروں اور وسائل کو کیف کے فوجی مراکز میں اور ان ہتھیاروں کی ترسیل کے دوران نشانہ بنائے گا۔ 

دوسری جانب روس کے صدارتی ترجمان دیمیتری پیسکوف نے خبردار کیا ہے کہ فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت روس کی قومی سلامتی پر حملے کے مترادف ہے۔  انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کے اس فیصلے کے مقابلے میں روس اپنی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات انجام دے گا ۔ دیمیتری پیسکوف نے کہا کہ فن لینڈ میں نیٹو کی فوجی تنصیبات اور ہتھیاروں پر روس کی گہری نظر ہے۔

اس سے قبل نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت مکمل ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو فنلینڈ اور نیٹو کے دیگر رکن ممالک کی سلامتی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا تھا۔ 

قابل ذکر ہے کہ روس اس سے قبل بھی فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی جانب سے خبردار کرتا آیا ہے اس کے باوجود گذشتہ ماہ ترکی کی رضامندی کے بعد فن لینڈ کو نیٹو کی رکنیت ملنے کا اعلان کردیا گیا۔

ٹیگس