یوکرین میں فضائی حملوں کا سائرن سنا گیا، روس کے حملوں میں شدت
کیف کے حکام نے دعوی کیا ہے کہ روس نے یوکرین پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: یوکرینی حکام نے دعوی کیا ہے کہ روس کے میزائلی حملوں کے بعد یوکرین کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں میں اب تک پانچ لوگ زخمی ہوچکے ہیں جبکہ بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع اودیسا شہر کے ایک غذائی اشیا کا گودام بھی نذر آتش ہوگیا ہے۔
اودیسا شہر کے فوجی انتظامی ادارے کے ترجمان سرہی براتچوک نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر کچھ تصاویر شایع کرکے دعوی کیا ہے کہ روس کے میزائلی حملے کے نتیجے میں اشیائے خورد و نوش کا ایک گودام اور اطراف کی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی پر ماسکو کے غلبے کی سالگرہ کے موقع پر یوکرین پر روس کے حملوں میں شدت آگئی ہے۔
دریں اثنا کی ایف شہر کے میئر ویتالی کلیچکو نے دعوی کیا ہے کہ کیف کے ایک علاقے میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کیف کے مغربی علاقے میں ایک ڈرون طیارے کے گرنے سے دو لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ اس کے علاوہ یوکرین کے دو تہائی حصے میں فضائی حملے کے سائرن کی آواز سنائی دی گئی جس کے بعد خرسون کے جنوبی علاقے، اسی طرح مشرقی یوکرین میں واقع زاپوریژیا میں متعدد دھماکے ہوئے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے اتوار کی رات کو ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے اعلان کیا کہ مئی اور جون میں یوکرین کے حالات پر بین الاقوامی اجلاس کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ اجلاس مختلف سطح پر کی ایف میں منعقد ہوں گے۔ زیلینسکی نے دعوی کیا ہے کہ ان بین الاقوامی کانفرنسوں کے دوران یوکرین کی فوج کے لئے ہتھیاروں کی ترسیل، اسی طرح قیام امن کے سلسلے میں حلیفوں سے مذاکرات کئے جائیں گے اور اس اجلاس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔