یوکرین کے باخموت شہر پر روس کا مکمل کنٹرول ؟
یوکرین کے باخموت شہر پر روس کے مکمل کنٹرول کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: باخموت شہر کے دفاع کے ذمہ دار یوکرینی جنرل نے دعوی کیا ہے کہ واگنر چھاپہ مار فوجیوں کی عدم پسپائی کے بعد، روس نے باخموت شہر پر بمباری کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ روس منگل کے روز تک باخموت شہر پر مکمل طور پر قبضہ کرلے گا۔
دوسری جانب یوکرین کی بری فوج کے کمانڈر ایلیگزینڈر سرسکی نے کہا ہے کہ روسی فوج باخموت علاقے پر بڑے پیمانے پر بمباری کر رہی ہے اور اس بات کا پورا امکان پایا جاتا ہے کہ منگل کے روز تک، روس کا اس شہر پر قبضہ مکمل ہوجائے۔
قابل ذکر ہے کہ روس کی فوج نے گذشتہ چند ہفتوں سے میدان جنگ میں اپنی حکمت عملی تبدیل کردی ہے اور اب وسیع میزائلی اور ڈرون حملوں کے ذریعے یوکرین کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
یاد رہے کہ روس کے حملوں میں اس وقت شدت آئی جب یوکرین نے آٹھ اکتوبر سن دو ہزار بائیس کو کریمیا کے پل کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ زیلینسکی نے دعوی کیا ہے کہ اس واقعے کے بعد روس نے یوکرین کی چالیس فیصد توانائی کی تنصیبات کو تباہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک روس اور چین کی جانب سے قیام امن کے متعدد منصوبے یوکرین کو پیش کئے جا چکے ہیں لیکن کیف کے حکام سے قبل امریکی انتظامیہ اسے مسترد کردیتے ہے اور اس طرح جنگ کی آگ کو بجھنے نہیں دیا جا رہا ہے.