امریکہ یوکرین کو فوجی سازو سامان دے کر کن مقاصد کے درپے ہے؟
امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین جنگ کی آگ کو مزید بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنی مداخلت پسندانہ پالیسی جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اور اس کے اتحادی میدان جنگ میں کیف کی تمام اسلحہ جاتی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ، یوکرین کی فوجی حمایت اور اس ملک کو جنگی ساز و سامان کی فراہمی کے سلسلے میں دنیا کے پچاس سے زائد ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انھوں نے برطانیہ کی جانب سے یوکرین کو دور مار میزائل فراہم کرنے کے برطانوی حکومت کے فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو نہ صرف یہ میزائل بلکہ ضرورت کا تمام جنگی سازوسامان فراہم کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے یوکرین کی فوجی مدد کا ایسی حالت میں اعلان کیا جا رہا ہے کہ روسی حکام بارہا کہہ چکے ہیں کہ یوکرین کے خلاف خصوصی فوجی آپریشن شروع کرنے کا ان کا مقصد واضح رہا ہے اور یوکرین کو فوجی امداد فراہم کرکے صرف جنگ طویل ہوگی اور یورپ و امریکہ، روس کے خلاف اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔