May ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ، یورپ میں بڑھتی ہوئی شرح اموات

ایندھن اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے جو جنگ یوکرین کے دوران روس کے خلاف یورپی ملکوں کی سخت پابندیوں کی وجہ سے دیکھنے میں آرہا ہے یورپ میں لوگوں کی اموات کی شرح بھی بڑھنے لگی ہے چنانچہ جدید ترین جائزوں میں یہ بات سامنے آرہی ہے کہ گذشتہ موسم سرما میں انرجی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے لوگوں کی اموات کورونا کے دور سے زیادہ ہوئی ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: برطانوی جریدے ایکونومیسٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ موسم سرما میں ایندھن اور انرجی کی قیمتوں میں اضافہ توقعات سے زیادہ رہا اور نتیجے میں جانی نقصانات کورونا کے دور سے بھی  زیادہ ہوا ہے ۔

ایکونومیسٹ جریدے کے مطابق اٹھائیس یورپی ملکوں میں گذشتہ برس نومبر سے فروری تک کے عرصے میں اس سے ایک سال پہلے کے اسی عرصے  میں ہونے والی اموات کے مقابلے میں  ایک لاکھ انچاس ہزار اموات زیادہ رہی ہیں ۔ مذکورہ جریدے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ موسم سرما میں یورپ میں ساٹھ ہزار افراد کی کورونا سے موت واقع ہوئی جبکہ اسی عرصے میں سردی میں معمولی سے اضافے کے سبب  دواعشاریہ دو فیصد اموات بڑھ گئیں ۔

اس درمیان بلومبرگ نے بھی اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ یورپ کو موسم سرما میں بدستور گیس اور توانائی کی دیگر اقسام کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے ۔ ویٹل آئیل گروپ کے تجزیہ نگاروں کا  کہنا ہے کہ جب تک دوہزار چھبیس میں سیال گیس یا ایل این جی کے ذخائر کا استعمال شروع نہیں ہوجاتا اس وقت تک منڈیوں میں ایندھن کی قلت کا مشاہدہ کیا جاتا رہے گا۔ اس سلسلے میں گیس پروم کمپنی نے بھی اعلان کیا ہے کہ یورپ کے گیس کے ذخائر سولہ اپریل تک چھپن اعشاریہ چھے ارب میٹرمکعب تھے جو دوہزار بیس کے مقابلے میں جب کرونا کی بیماری شروع ہوئی تھی کم ہے اس کمپنی نے کہا کہ اس سال نسبتا معتدل موسم نے یورپ کی بڑی مدد کی ہے لیکن ممکن ہے کہ آئندہ سال ایسا نہ ہو۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ایندھن اور اشیائے خوراک کی قیمتوں میں اضافے سے عام لوگوں پر غیر معمولی بوجھ پڑا ہے اور ان کی آمدنیوں پر خطرناک حد تک اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خوراک اور انرجی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دوہزاربیس سے دوہزار بائیس کے برسوں میں یورپی شہریوں کی آمدنی چھے اعشاریہ پانچ فیصد تک کم ہوئی ہے جبکہ بہت سے یورپی ملکوں منجملہ پرتغال، پولینڈ اور بحیرہ بالٹیک کے ملکوں میں لوگوں کے اخرجات کافی بڑھ گئےہیں ۔

ادھر اٹلی میں سرکاری اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے اٹلی میں انرجی کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں اور اس سے مختلف صنعتوں پر برا اثر پڑا ہے۔

ٹیگس