May ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • روس کی ایٹمی تنصیبات پر یوکرین کا دہشت گردانہ حملہ ناکام

روس کی فیڈرل سیکورٹی کے ادارے نے کہا ہے کہ روس کی ایٹمی تنصیبات پر یوکرین کا دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ریانووستی کی رپورٹ کے مطابق روس کی فیڈرل سیکورٹی کے ادارے نے کہا ہے کہ اس ادارے نے یوکرین کی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے روس کی ایٹمی تنصیبات پر دہشت گردانہ حملے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے اور دو روسی شہریوں کو اس سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے کہ جو یوکرین کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے روس کی ایٹمی تنصیبات میں دھماکہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔

روس کی فیڈرل سیکورٹی کے ادارے کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین کی خفیہ ایجنسیوں کے پروگرام کے مطابق روس کے ایٹمی بجلی گھروں پر دہشت گردانہ حملے کر کے روس کے اقتصاد اور اس کی پوزیشن اور ساکھ کو سنگین نقصان پہنچانا تھا اور ان حملوں سے ایٹمی ری ایکٹر بند ہو جاتے اور ایٹمی بجلی گھروں کے کام میں بھی خلل واقع ہوتا۔

دوسری جانب یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کولیا نے ایتھوپیا کے دارالحکومت آدیس آبابا میں ایک پریس کانفرنس میں بعض افریقی ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگ یوکرین کے بارے میں غیرجانبداری کو ترک کر دیں۔

یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب جنوبی افریقہ کے صدر سیریل راما فوسا نے حال ہی میں کہا ہے کہ انھوں نے افریقی ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے بات چیت کی ہے تاکہ انھیں جنگ یوکرین میں ثالثی کے لیے افریقی ملکوں کے امن وفد سے بات چیت پر راضی کر سکیں اور انھوں نے بھی اس وفد سے بات چیت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امریکہ کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے بھی دعوی کیا ہے کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل ہونے کی دعوت، یوکرین پر روس کے فوجی حملے کا باعث بنی ہے۔

یوکرین نیٹو اور یورپی یونین میں شامل ہونے کا خواہش مند ہے لیکن نیٹو کے ارکان میں اس کی رکنیت کے مسئلے پر بہت زیادہ اختلاف پایا جاتا ہے۔

اخبار نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ امریکہ یوکرین کو کریملن پر حالیہ ڈرون حملے کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔

اس سے قبل روسی صدر کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے ماسکو میں صدارتی محل پر یوکرین کے ڈرون حملے کو ناکام بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماسکو اس حملے کو صدر ولادیمیر پوتین پر قاتلانہ حملہ تصور کرتا ہے اور وہ جوابی اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیگس