نیٹو ناقابل بھروسہ، روس سی ایف ای سے نکل گیا
روس کے صدر نے یورپ کے کنونشنل فورس کے معاہدے سی ایف ای سے نکلنے کے قانون پر دستخط کردیا۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے آج پیر کے روز اس معاہدے سے نکلنے کے قانون کو منظور کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سن دو ہزار سات میں سی ایف ای میں روس کی شمولیت کو معطل کردیا تھا۔ روس نے اس وقت اعلان کیا تھا کہ جب تک نیٹو رکن ممالک اس معاہدے پر مکمل طور پر عملدرامد اور اسے منظور نہیں کرتے، تب تک اس معاہدے میں واپسی نہیں ہوگی ۔
ماسکو اس سے قبل یہ بھی کہہ چکا تھا کہ سوویت یونین کے دور کے وارسا معاہدے کے رکن ممالک کو نیٹو میں شامل کرنے سے یہ معاہدہ کمزور پڑ جائے گا۔ یاد رہے کہ انیس نومبر سن انیس سو نوے کو نیٹو کے اس وقت کے سولہ ارکان اور وارسا معاہدے کے چھے رکن ممالک کے مابین کنونشنل فورسز آف یورپ معاہدہ منظور ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت یورپ کے اہم عام ہتھیاروں پر بعض پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور اضافی ہتھیاروں کو ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ سن انیس سو نناوے کے دوران، اس معاہدے کی بعض شقوں میں تبدیلی لائی گئی اور یورپ کی سیکورٹی اور تعاون کے ادارے کے اجلاس کے دوران جو استنبول شہر میں منعقد ہوا تھا، اسے منظور کیا گیا ۔