Jun ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • روس کے بعض ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیے ہیں: یوکرین کا دعوی

یوکرین کی نائب وزیر دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین نے بعض سیکٹروں میں روس کے ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: یوکرین کے میڈیا نے گذشتہ رات کی یف اور یوکرین کے دیگر شہروں میں ہوائی حملے کے سائرن بجنے کی خبر دی ۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کی یف پر شدید ڈرون اور میزائل حملے ہوئے ہیں اور اس شہر کے باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔

یوکرین کی نائب وزیر دفاع آنا مالیار نے کہا ہے کہ دفاعی کارروائیوں میں جوابی حملے سمیت تمام اقدامات شامل ہیں ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ باخموت میں بدستور شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

خارکیف کے فوجی ادارے نے ایک نئے بیان میں دعوی کیا ہے کہ روسی فوجی ایس تھری ہنڈریڈ میزائیلوں کے ذریعے اس علاقے کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب یہ سسٹم عملا فضائی دفاع کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے نہ کہ حملے کے لیے۔

روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشنکوف نے بھی کہا ہے کہ صوبہ دونتسک میں یوکرین کی فوج کے ایک بڑے حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کی فوج نے  دونتسک اور زاپوریژیا کے علاقے میں یوکرین کی فوج کے خلاف حالیہ کارروائی کے دوران پندرہ سو سے زائد فوجیوں کو ہلاک اور اٹھائیس ٹینکوں کو تباہ کر دیا ہے۔

یوکرین پر وسیع حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں کہ جب یوکرینی وزیر خارجہ دمیترو کولبا نے دعوی کیا ہے کہ یوکرین کے پاس روس کے خلاف حملے شروع کرنے کے لیے کافی مقدار میں فوجی سازوسامان اور ہتھیار موجود ہیں۔

کولبا نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ کیا یوکرین کا جوابی حملہ شروع ہو گیا یا نہیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہم ترین مسئلہ جوابی حملہ شروع ہونے کا وقت نہیں ہے بلکہ یہ ہے کہ یہ کارروائی یوکرین کی کامیابی پر ختم ہونی چاہیے۔

دوسری جانب یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ کے مشیر میخائیل پودو ولیاک نے بھی ایک ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ ابھی تک روس کے خلاف وسیع جوابی حملہ شروع نہیں ہوا ہے۔

یوکرین کے حکام اور میڈیا ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ روس نے خارکیف کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائیلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

یوکرین انفارم نے بھی رپورٹ دی ہے کہ خارکیف کے علاقے میں بالاکلیا شہر پر گذشتہ رات روس نے توپ خانے سے گولہ باری کی ہے جس میں ایک عام شہری ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔

ٹیگس