Jun ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • یوکرین کے بارے میں پوتین اور اردوغان کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو

روس اور ترکیہ کے صدور نے جنوبی یوکرین میں واقع کاخوفکا ڈیم میں دھماکے اور زرعی پیداوار کے بارے میں ہونے والے سمجھوتے پر ٹیلی فونی گفتگو کی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: یوکرین کے خرسون علاقے میں نووا کاخوفکا ڈیم گذشتہ منگل کو تباہ ہو گیا جس کے بعد اس علاقے میں اس ڈیم کا پانی بھر گیا اور ہزاروں افراد ترک وطن کرنے پر مجبور ہو گئے۔

اس پر روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے پہلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو وحشیانہ قرار دیا اور اس کا ذمہ دار مغربی حمایت یافتہ زیلنسکی کو قرار دیا اور کہا کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے مغربی ایما پر یہ تخریبی منصوبہ تیار کیا۔

ترکیہ کی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے ایوان صدر کے ادارہ مواصلات نے اعلان کیا ہے کہ روس اور ترکیہ کے صدور کے درمیان ہونے والی گفتگو میں روس یوکرین جنگ کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے یوکرین کے کاخوفکای ڈیم میں ہونے والے دھماکے کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا اور تاکید کی کہ اس سلسلے میں تمام شکوک و شبہات دور کئے جانے کی ضرورت ہے۔

اس گفتگو میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی ڈیم میں ہونے والے دھماکے کے مسئلے پر تعاون سے متعلق اپنے ملک کی آمادگی پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں روس، یوکرین اور اقوام متحدہ نیز عالمی برادری کے نمائندوں اور ماہرین پر مشتمل ایک کمیشن تشکیل دیئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ حقیقت کا پتہ لگایا جا سکے۔

اردوغان نے اسی طرح گندم اور زرعی پیداوار کے بارے میں سمجھوتے پر دنیا کے مختلف ملکوں کی حمایت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روسی کھاد اور زرعی پیداوار کی برآمدات میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ صلاح و مشورہ ایک مفید عمل ہے۔

روس کے قصر کرملین نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ روسی صدر نے ترکیہ کے صدر سے ٹیلی فونی گفتگو میں کاخوفکا ڈیم کی تباہی کے بارے میں کہا ہے کہ یہ وحشیانہ اقدام انسانی اور ماحولیات کے شعبوں میں المیے کا باعث بنا ہے۔

قصر کریملین کے بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ یوکرین مغرب کے ورغلانے پر روس کے ساتھ دشمنی کا نہایت خطرناک گیم کھیل رہا ہے۔

روسی صدر سے ہونے والی گفتگو سے قبل ترکیہ کے صدر نے یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں کاخوفکا ڈیم کے واقعے میں حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے ایک بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیئے جانے کی تجویز پیش کی۔

کاخوفکا ڈیم جنوبی یوکرین میں واقع ہے جس کی زد میں یوکرین کے کئی شہر اور علاقے آتے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اس ڈیم میں ہونے والا دھماکہ اس کے اطراف کے علاقوں کے لئے تباہی و بربادی کا باعث بنا ہے۔

روئیٹرز نیوز ایجنسی نے بھی اس ڈیم کی وسعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈیم سے کافی علاقوں اور کریمیا تک کو پانی فراہم کیا جاتا تھا اور اب اس ڈیم کی تباہی سے اس بات کی تشویش پیدا ہو گئی ہے کہ اطراف کے علاقوں میں پانی بھرنے اور ہونے والی تباہی سے کتنے مسائل و مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

ٹیگس