روس نے اقوام متحدہ کی امداد کی تجویز مسترد کردی
روس نے کاخوفکا ڈیم کی تباہی سے پہنچنے والے وسیع نقصانات کے باوجود اقوام متحدہ کی امداد کی تجویز کو مسترد کر دیا۔
سحرنیوز/دنیا: رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ روس نے کاخوفکا ڈیم کی تباہی اور آنے والے سیلاب سے پہنچنے والے نقصانات کے باوجود امداد کی تجویز قبول نہیں کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاخوفکا ڈیم کی تباہی کے نتیجے میں اب تک باون افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ پینتیس افراد ماسکو کے زیر کنٹرول علاقے میں مارے گئے ہیں۔
یوکرین کی وزارت داخلہ نے بھی سترہ افراد کے مارے جانے، اکتیس افراد کے لاپتہ اور مجموعی طور پر گیارہ ہزار افراد کے بے گھر اور یا دیگر علاقوں میں منتقل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق انسان دوستانہ اصول کے تحت اپنے وعدے پر عمل کرے۔
روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اس ڈیم کی تباہی کی ذمہ داری روس پر عائد کرنے کی یوکرین کی کوششوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو ہولناک اور اس سلسلے میں بین الاقوامی تحقیقات کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔