عراق پر حملہ جھوٹ پر مبنی تھا: جان کیری
امریکہ کے سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عراق پر حملہ جھوٹ پر مبنی تھا، لیکن یہ کوئی جرم نہیں تھا۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکہ کے سابق وزیر خارجہ اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ملک کے نمائندے جان کیری نے عراق پر امریکی فوجی حملے کے بے بنیاد ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے جرم قرار دینے سے انکار کردیا۔
باراک اوباما کی انتظامیہ میں سابق امریکی وزیر خارجہ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر واشنگٹن کے خصوصی نمائندے جان کیری نے ایک انٹرویو میں 2003 میں عراق پر امریکی حملے کو "حملہ" اور "جرم" قرار دینے سے انکار کر دیا۔
فرانسیسی ٹی وی ایل سی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوکرین پر روس کا حملہ ’فوجی جارحیت‘ ہے اور جب رپورٹر نے انہیں عراق پر امریکی حملے کی یاد دلائی تو انہوں نے اس کی وضاحت سے بچنے کی کوشش کی۔
جان کیری نے دعویٰ کیا کہ یوکرین کی موجودہ جنگ عراق پر امریکی حملے سے بالکل مختلف ہے، حالانکہ انہوں نے اعتراف کیا کہ عراق پر حملہ "جھوٹ پر مبنی" تھا۔
سابق امریکی وزیر خارجہ نے ایک فرانسیسی صحافی کو جواب دیا جس نے عراق پر حملے کو "فوجی جارحیت" قرار دیا اور کہا: "نہیں، یہ جارحیت نہیں تھی کیونکہ اس وقت کے صدر جارج بش پر کبھی براہ راست الزام نہیں لگایا گیا تھا۔
ایل سی آئی کے رپورٹر کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا جنگ عراق جارحیت کا جرم تھا، جان کیری نے ایک بار پھر زور دیا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ ایک جرم تھا، یقیناً اس تنازعے کے دوران زیادتیاں ہوئیں، لیکن میں نے ان کے خلاف بات کی اور احتجاج کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس وقت معلوم نہیں تھا کہ عراق پر حملے کی بنیاد جھوٹ ہے، لوگوں کو معلوم نہیں تھا کہ جو دستاویز شائع کی گئی ہے وہ جھوٹ ہے، میں نے اس بارے میں بہت بات کی ہے اور میں اس پر کسی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتا۔