روسی صحافیوں کو قتل کرنے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا: روسی وزارت خارجہ
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات ایک بار پھر یوکرین کے صدر کی حکومت کی دہشتگردانہ ماہیت کو ظاہرکرتے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروا نے روسی صحافیوں کو قتل کرنے کیلئے یوکرین کے خفیہ اداروں کی کوشش پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام یوکرینی حکومت کی دہشتگردانہ ماہیت کو ظاہر کرتا ہے جو کئی دہشتگردانہ حملوں کی ذمہ دار ہے۔
زاخارووا کا کہنا تھا کہ رشیا ٹو ڈے ٹی وی چینل کی ایڈیٹر انچیف مارگاریٹا سیمونیان اور روسی صحافی کسینیا سوبچاک پر دہشتگردانہ حملے کی کوشش کی گئی کہ جس کا منصوبہ یوکرین کی حکومت نے ان کے کام کی نوعیت کی وجہ سے بنایا تھا اور روس کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس منصوبے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس نے کہا ہے کہ اس نے یوکرین کی جانب سے دو روسی صحافیوں کو قتل کرنے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔ گرفتار شدہ افراد نے اپنے ابتدائی اعتراف میں کہا ہے کہ یوکرین کی حکومت نے ہر صحافی کے قتل کیلئے انھیں ڈیڑھ ملین روبل کی رقم دی ہے جس کی مالیت سولہ ہزار ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔