کینیڈا میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے ہر طرف تباہی ہی تباہی
کینیڈا میں 24 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں تقریباً 25 سینٹی میٹر (10 انچ) بارش ہوئی ہے
سحر نیوز/ دنیا: کینیڈا میں شدید بارش کے باعث سیلاب آگیا ہے جس سے دو بچوں سمیت چار افراد کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس نے بتایا کہ بچے ایک کار میں سوار تھے جو پانی میں ڈوب گئی تھی ۔ کار میں سوار دیگر تین افراد خود کو بچانے میں کامیاب رہے۔
پولیس ایجنسی نے بتایا کہ مشرقی صوبے میں ایک اور واقعہ میں ایک نوجوان اور ایک شخص کے اسی طرح کے حالات میں لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ۔ نووا اسکوٹیا میں جمعہ سے ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں اور گھروں میں پانی بھر گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پریمیئر ٹم ہیوسٹن نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں تقریباً 25 سینٹی میٹر (10 انچ) بارش ہوئی ہے، جو تین ماہ کی بارش کے برابر ہے۔ ہیوسٹن نے صوبے کے کئی علاقوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ لاپتہ افراد کی تلاش میں شامل نہ ہوں کیونکہ حالات خطرناک ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر میں سڑکیں ندیوں کی طرح دکھائی دے رہی ہیں اور کئی کاریں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور 80 ہزار سے زائد لوگ بجلی کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں ۔
وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انہیں سیلاب کو لے کر گہری تشویش ہے اور انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ ہیلی فیکس کے میئر مائیک سیویج نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ لوگوں کو یہ نہیں ماننا چاہئے کہ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔ یہ ایک بہت ہی متحرک صورتحال ہے۔