یوکرین کو فراہم کئے جانے والے مغربی ہتھیار جرائم پیشہ گروہوں کے پاس
ہیریٹیج فاونڈیشن نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ یوکرین کو فراہم کئے جانے والے مغربی ہتھیار کیف سے باہر اسمگل ہو کر جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھ لگ سکتے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: ہیریٹیج فاونڈیشن نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے امریکی وزارت جنگ کی جانب سے ہتھیاروں کی ارسال شدہ کھیپوں کی کوئی نگرانی نہیں ہو رہی ہے اور بعض مواقع پر ہتھیاروں کی کھیپ مجرم گروہوں کے ہاتھ لگ جاتی ہیں جنہیں وہ اسمگل کر دیتے ہیں۔
امریکی وزارت جنگ کے معائنہ کار کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت جنگ نے جب سے یوکرین کیلئے اسلحے سپلائی کرنا شروع کئے ہیں یوکرین میں موجود جرائم پیشہ گروہ بعض اسلحے منجملہ راکٹ لانچر، بندوقیں، بلٹ پروف جیکٹیں اور گولیاں اسمگل کر دیتے ہیں۔
اکیس صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ گزشتہ سال اکتوبر میں تیار کی گئی تھی اور اب اس کو ہیریٹیج فاونڈیشن کی جانب سے آزادی اطلاعات قانون کے تحت منظرعام پر لایا گیا ہے۔