Aug ۱۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ دفاعی میدان میں تعاون کےلئے تیار ہیں: چین

چین کے وزیر دفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک دفاع اور سیکورٹی کے میدان میں شنگھائی تعاون تنظیم کی حدود میں ایران کے ساتھ دفاعی تعاون کےلئے تیار ہے۔

سحرنیوز/دنیا: چین کی وزارت دفاع نے شنگھائی تعاون تنظیم کے دو نئے ممبران ایران اور بیلاروس کے ساتھ دفاعی میدان میں باہمی تعاون پر آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماسکو میں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیر دفاع شانگ فو نے مزید کہا کہ چین پہلے کی طرح شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبران ممالک کے درمیان سیکورٹی اور دفاعی تعاون کےلئے فعال طور پر کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہے۔
شانگ فو نے کہا کہ بیجنگ، شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممالک کے ساتھ اسلحہ کے کنٹرول اور پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔
چین کے وزیر دفاع نے کہا کہ اختلاف نظر سے بچنا محال ہے لیکن ہمیں کھل کر اور صریح بات کرکے اختلافات کو حل کرنا چاہیے۔
چین بین الاقوامی طور پر مذاکرات اور جنگ بندی کے سلسلے میں کوششیں کر رہا ہے اور ان میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

ٹیگس