Aug ۲۳, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • جوہانسبرگ میں برکس کا پندرہواں سربراہی اجلاس

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں برکس گروپ کا پندرہواں سربراہی اجلاس جاری ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: برکس گروپ کا پندرہواں سربراہی اجلاس جنوبی افریقہ کی میزبانی میں جوہانسبرگ میں جاری ہے۔ اس اجلاس میں برکس کے 5 رکن ممالک کے علاوہ دوسرے ممالک کے بھی سربراہ شریک ہیں۔ اجلاس کا افتتاح جنوبی افریقہ کے صدر سریل راما فوزا کی تقریر سے ہوا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اس گروپ نے عالمی اقتصاد کی شکل بدل دی ہے۔ برکس گروپ اپنے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں تقویت لانے کے لئے کوشاں ہے۔

جنوبی افریقہ کے صدر نے مزید کہا کہ برکس کے رکن ممالک عالمی اقتصاد کی ایک چوتھائی، تجارتی لین دین کے پانچویں حصے اور دنیا کی چالیس فی صد آبادی پر مشتمل ہیں اور گزشتہ برس برکس رکن ممالک کا باہمی لین دین ایک سو باسٹھ ارب ڈالر سے زیادہ ہوگیا تھا۔

برازیل کے صدر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ ہم ایک خاص سسٹم متعارف کرانا اور برکس کے رکن ممالک کے درمیان قومی کرنسیوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

برکس کے سربراہی اجلاس سے آج ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے برکس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاکر اس کو بہتر بنا رہی ہے۔

ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ''تقریباً عشروں میں برکس نے ایک طویل اور شاندار سفر طے کیا ہے، اس سفر میں ہم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں۔"

 

ٹیگس