روس پر یوکرین کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام
روستوف شہر کے گورنر نے یوکرین کے دو ڈرون طیاروں کے مارے جانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: رشیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی روس کے شہر روستوف کے گورنر واسیلی گلوبف نے بتایا ہے کہ صبح 3 بجے فضائی دفاعی نظام نے شہر کے مغربی علاقے میں ایک ڈرون کو مار گرایا، دوسرا ڈرون شہر کے مرکز میں پوشکینکایا روڈ پر گرایا گیا اور ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک شخص زخمی، تین عمارتوں اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ڈرون روس کی جنوبی کمانڈ مرکز کے بالکل سامنے گرایا گیا ہے۔
ماسکو شہر کے گورنر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک یوکرینی ڈرون کو ماسکو سے باہر رامنسکویہ کے علاقے پر مار گرایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یوکرین نے گزشتہ چند مہینوں سے روس کے اندر ڈرون حملوں میں اضافہ کر دیا ہے اور ہر روز روس کے شہروں پر حملے کےلئے بہت بڑی تعداد میں ڈرون بھیجے جا رہے ہیں۔