صیہونی حکومت کے وزیر جنگ: غزہ پر 10 ہزار بم اور میزائل برسانے کا اعتراف
صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے بدھ کی رات ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ غزہ کے عوام کے قتل عام اور نسل کشی کے لئے جنگ کے آغاز سے دس ہزار بم اور میزائل برسائے جاچکے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر جنگ یوآؤ گالانت نے دعوی کیا ہے کہ صیہونی فوج منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور بقول ان کے حماس پر کاری وار لگے ہیں۔
صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے کہا کہ ان کی فوج نے غزہ میں ہزاروں اہداف اور افراد کو نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی وزیر جنگ نے کہا کہ اس وقت جنگ اپنے عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی فوج جس طرح جنوب میں جنگ کررہی ہے اسی طرح شمال میں بھی بقول ان کے دفاع کرے گی اور جنگ کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے کہا کہ وہ جنگ میں وسعت نہیں چاہتے لیکن شمالی سرحدوں پر بھی اس کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ کی قیمت بہت بھاری ہے اور وہ صیہونی فوجیوں کے کے لواحقین کے غم و اندوہ میں شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں کے گھروالے پریشان ہیں اور وہ اسرائیلی جنگی قیدیوں کے گھر والوں سے بھی کہتے ہیں کہ انہیں بھولے نہیں ہیں۔