کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں فلسطینیوں کی حمایت میں زبردست مظاہرہ (ویڈیو)
کیوبا کے ہزاروں کی تعداد میں عوام نے دارالحکومت ہوانا میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
سحرنیوز/دنیا: کیوبا کے مظاہرین نے ہوانا میں امریکی سفارت خانے کے سامنے اجتماع کیا اور غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عام شہریوں کے ہونے والے بہیمانہ قتل عام اور نسل کشی کی شدید مذمت کی۔ ہوانا میں یہ مظاہرہ کیوبا کے صدر کی قیادت میں، اس علاقے میں کیا گیا کہ جہاں امریکی سفارت خانہ قائم ہے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور ایسے بینرز لے رکھے تھے کہ جن پر فلسطین کی آزادی کے حق میں اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔ ان مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ کیوبا کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور یہ ملک، فلسطین کا حامی رہا ہے اور اس ملک نے دو سو فلسطینی ڈاکٹروں کی تربیت بھی کی ہے۔ ہوانا یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے ہوانا میں امریکی سفارت خانے کے سامنے کئے جانے والے صیہونیت مخالف مظاہرے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور فلسطینیوں کے عام شہریوں کے ہونے والے بہیمانہ قتل عام کی سب سے بڑی وجہ اس غاصب حکومت کےلئے جاری امریکی حمایت ہے۔