Nov ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۱ Asia/Tehran
  • اسکاٹ لینڈ، لندن اور تیونس میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے، دائمی جنگ بندی کا مطالبہ

اسکاٹ لینڈ، لندن اور تیونس میں فلسطین کے حامی مظاہرین نے ایک بار پھر فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کرکے غزہ میں دائمی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں مظاہرین نے شاہراہ بوچانان پر اجتماع کیا جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز تھے جن پر لکھا تھا، اب جنگ بند کرو-

فلسطین کے حامی مظاہرین شہر گلاسکو میں فلسطینی پرچم لہرا رہے تھے اور بعض ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئےتھے جن پر لکھا تھا، نسل کشی بند کرو، تم وقفۂ جنگ کے بعد دوبارہ نسل کشی نہیں کرسکتے-

اسکاٹ لینڈ کے دیگر شہروں ایڈنبرگ، ابرڈین اور ڈانڈی میں بھی فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں مظاہرے کئے گئے- فلسطین کی حامی اسکاٹ لینڈ کی ایک تنظیم نے ایک پیغام میں سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پرلکھا ہےکہ اگر چہ نسل کشی میں وقفہ پیدا ہوا ہے لیکن غزہ کے عوام ایک ناقابل تصور خوف و وحشت کا شکار ہیں، ان کو ہماری حمایت کی ضرورت ہے-

لندن میں بھی فلسطین کے حامیوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے خلاف احتجاج جاری رکھتے ہوئے، پے در پے ساتویں ہفتے بھی مظاہرے کئے- مختلف ادیان اور اقوام پر مشتمل فلسطین کے حامی ہزاروں افراد نے لندن میں ایک بار پھر سڑکوں پر نکل کر غزہ کے خلاف جارح صیہونی فوجیوں کے مظالم کی مذمت کی اور ان کے وحشیانہ حملوں کے مکمل بند کئے جانے کا مطالبہ کیا-

لندن میں فلسطین کے حامی عوام نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے فلسطین کے مظلوم اور نہتے عوام سے اظہار ہمدردی کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا-

لندن میں فلسطینیوں کے حامی مظاہرین میں سے کچھ نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم پر بطور احتجاج، خون سے آغشتہ سفید کپڑے ہاتھوں میں اٹھائے رکھے تھے۔

تیونس میں بھی مظاہرین نے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود مظاہرے کئے ہیں ۔

غزہ پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود تیونس میں مظاہرین، اسرائیلی حملوں میں ہزاروں جانوں کے ضیاع اور لاکھوں فلسطینی شہریوں کے بے گھر ہونے کی مذمت میں، احتجاجی مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تیونس میں مظاہرین نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے بعد، غزہ میں دوبارہ لڑائی کے شروع ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ٹیگس