Dec ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۵ Asia/Tehran
  • فرانس کے صدر امانوئل میکرون: غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کی مخالفت

فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ فلسطینی عام شہریوں کے قتل عام سے اسرائیل کو سیکورٹی فراہم نہیں ہوسکتی۔

سحرنیوز/دنیا: فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے قطر کے لئے روانہ ہونے سے قبل دبئی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر یہ تصور کیا جائے کہ فلسطینیوں کے قتل عام سے اسرائيل کی سیکورٹی کی ضمانت فراہم ہوگی تو یہ تصور بالکل غلط ہے اور علاقے میں اس طرح سے اسرائیل کو سیکورٹی ہرگز نہیں مل سکتی۔ فرانسیسی صدر نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کہا کہ غزہ میں دوبارہ جنگ شروع ہونے پر فرانس کو گہری تشویش لاحق ہے اور وہ اسی بنا پر قطر کا دورہ بھی کر رہے ہیں تاکہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے بارے میں گفتگو کریں۔ امانوئل میکرون نے کہا کہ اسرائيل کو اپنا ہدف معین کرنا ہو گا اور ان کی نظر میں حماس کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ اسرائیل کو اگر فلسطینیوں کے قتل عام اور رائے عامہ کی برہمی کے ساتھ سیکورٹی ملتی ہے تو علاقے میں اسرائيل کےلئے یہ سیکورٹی پائيدار نہیں ہوسکتی۔ یاد رہے کہ فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے اس سے پہلے غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو اسرائیل کی جانب سے اس کا حق قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

ٹیگس