Dec ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • فوجی سیٹیلائٹ خلا میں بھیجنے سے دستبردار نہیں ہوں گے: شمالی کوریا

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے آج اتوار کی صبح اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ خلا میں بھی امریکہ کے دوہرے معیارات کارگر ثابت نہیں ہوں گے اور واشنگٹن پیونگ یانگ کے خلاف مخاصمانہ منصوبوں میں شدت لا رہا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اس خبر رساں ایجنسی نےمزید لکھا ہے کہ امریکہ نے شمالی کوریا کے گوان ایک سیٹلائٹ کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھا کر دنیا کی نظروں میں خود کو رسوا کرلیا ہے۔ پیونگ یانگ نے امریکی راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار میں بھیجے جانے والے جنوبی کوریا کے جاسوسی سیٹیلائٹ کے دفاع سے متعلق واشنگٹن کے دلائل کو مضحکہ خيز قرار دیا ہے۔

شمالی کوریا کا مزید کہنا ہے کہ وہ اسٹریٹیجک خطے منجملہ جزیرہ نمائے کوریا میں پیونگ یانگ مخالف اقدامات کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے لئے عنقریب مزید فوجی سیٹیلائٹ خلا میں بھیجے گا۔ پیونگ یانگ نے بارہا تاکیدکی ہےکہ شمالی کوریا صرف اپنے دفاع کے مقصد سے فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔

ٹیگس