فلسطین کی حمایت میں ہالینڈ کی وزارت خارجہ کے کارکنوں کا احتجاجی دھرنا (ویڈیو)
ہالینڈ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ اور جرائم جاری رکھنے پر احتجاج کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ہالینڈ کی وزارت خارجہ کے تقریبا ڈیڑھ سو کارکنوں نے جمعرات کو اس ملک کی وزارت خارجہ کے سامنے دھرنا دیا اور غزہ میں فوری طور پر مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہالینڈ کی وزارت خارجہ کے کارکن اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ حکومت کے ملازمین جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہيں۔ ہالینڈ کی وزارت خارجہ کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کی حمایت نہ کرنے کی حکومتی پالیسی کے مخالف ہیں۔
دھرنے پر بیٹھے کارکنوں کے ترجمان آنجلیک ایجپہ نے صحافیوں سے کہا کہ ہمارا دھرنا اس بنا پر ہے کہ حکومت ہالینڈ ابھی غزہ میں مستقل جنگ بندی کی خواہاں نہيں ہے۔ نیو اسٹریٹ ٹائمز نے لکھا ہے کہ ہالینڈ کی طرح جرمنی اور اٹلی بھی ان معدودے چند ممالک میں سے ہیں جنہوں نے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بہت سے ممالک کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے جانے کے باوجود اس کی مخالفت میں ووٹنگ کی۔