Dec ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • روس اور چین کے درمیان فوجی تعاون

چین کی وزارت دفاع نے روس کے ساتھ فوجی تعاون کے فروغ کی خبردی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس اور چین کے اعلی حکام نے اپنے ایک اجلاس میں دو طرفہ اور بین الاقوامی سیکورٹی کے مسائل اور بیجنگ اور ماسکو کے درمیان دفاعی تعاون کی توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ چین کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ چین اور روس کے وزرائے اعظم نے بیجنگ میں منعقدہ اپنی ایک نشست میں، علاقائي و بین الاقوامی سیکورٹی اور بین الاقوامی تعلقات جیسے مسائل کا جائزہ لیا۔ اس بیان کے مطابق دونوں ملکوں کی مسلح افواج نے علاقائی و عالمی سلامتی کو فروغ دینے میں اپنی ہم آہنگی بڑھانے سے اتفاق کیا ہے اور وہ اس سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے یوکرین کی جنگ کے بہانے روس کے ساتھ تعلقات کی سطح گھٹانے اور روس کو الگ تھلگ کرنے کے لئے بیجنگ پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا ہے اور روس کے خلاف عائد کردہ پابندیوں میں چین کے شامل نہ ہونے پر تنقید کی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کے سلسلے میں چین کا غیر جانبدار ہونے کا اعلان، روس کی حمایت کے مترادف ہے۔ادھر روس کے صدر ولادیمیر پیوتن نے کہا ہے کہ وہ وقت آگیا ہے کہ یورپ و امریکہ، روس کے زوال کے بارے میں سوچنا ترک کردیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوتن نے کہا کہ وہ کہنا چاہتے ہیں کہ روس، براعظم امریکہ، شمالی امریکہ اور کینیڈا سے دور نہیں ہو گا تاہم اس بات کا دارومدار خود مقابل فریق پر بھی ہے۔

 

ٹیگس