Jan ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • جاپان میں آنے والے زلزلے سے بڑی تباہی، مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

جاپان کے صوبہ ایشیکاوا میں آنے والے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد ساٹھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: نئے عیسوی سال کے پہلے ہی دن جاپان کے صوبہ ایشیکاوا کے بعض علاقوں میں وحشتناک زلزلہ آیا تھا جس کے بعد ملک میں سونامی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گيا تھا ۔ جاپان میں آنے والے سات اعشاریہ چھے شدت کے زلزلے کے بعد ریسیکیوکارروائياں شروع کردی گئی تھیں جو اب بھی جاری ہیں ۔ زلزلے کے نتیجے میں سڑکيں پھٹ گئی ہيں اور بجلی منقطع ہوگئی –

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ وحشتناک تباہی اور بڑی تعداد میں لوگوں کے زخمی ہونے کے باعث مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی بھی ہوئے ہيں ۔ فوج اور امدادی ٹیموں کے ہزاروں کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہيں ۔ زلزلے کے نتیجے میں متعدد ٹرینوں ، بحری جہازوں اور طیاروں کی خدمات ٹھپ پڑگئی ہیں ۔

جاپان کے ٹائمز اخبار نے لکھا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تقریبا تینتیس ہزار افراد نے نئے سال کا پہلا دن بجلی کے بغیر گزارا - جاپان کی نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے اعلان کے مطابق متاثرہ علاقوں سے باسٹھ ہزار افراد کو باہر نکالنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہيں۔

ٹیگس