Jan ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • سانحۂ کرمان کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری

سانحۂ کرمان پر دنیا کے مختلف ملکوں کے رہنماؤں، سربراہوں اور تحریکوں و نتظیموں کی جانب سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: چین، تاجیکستان اور قزاقستان کے صدور نے اپنے الگ الگ بیانات میں کرمان کے دہشت گردانہ حملے کی سخت ا لفاظ میں مذمت کی ہے۔

چین کے صدر شی جین پینگ نے ایران کے جنوبی شہر کرمان میں مزار شہداء کے قریب ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے تعلق سے ایران کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تاجیکستان کے صدر امام علی رحمانف اور قزاقستان کے صدر توکایف نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں کرمان کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین اور ایرانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے۔

اس سے پہلے بھی دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں نےبھی ایران کے صدر رئیسی سے ٹیلی فونی رابطہ کرکے یا تعزیتی پیغامات ارسال کرکے سانحہ کرمان کی مذمت کی اور ایرانی قوم اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔

عراق یمن اور فلسطین کی استقامتی تحریکوں نے بھی سانحہ کرمان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ فلسطین کی استقامتی تحریک جہاد اسلامی نے ایران کے شہر کرمان میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائی کو بزدلانہ قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدام سے مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور زیادہ مضبوط ہوگا۔

کرمان کے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ جس طرح کا بیان داعش نے جاری کیا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ صیہونی حکومت کے کہنے پر جاری کیا گیا اور درحقیقت اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ دار صیہونی حکومت ہی ہے۔

ٹیگس