ناوابستہ تحریک کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت، غزہ میں جنگ بندی پر زور
ناوابستہ تحریک نے ملت فلسطین کی حمایت اور غزہ میں جنگ بندی کے قیام پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منعقدہ ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس نے اپنے اختتامی بیان میں صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کےلئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آناتولی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ناوابستہ تحریک کے انیسیوں سربراہی اجلاس کے دوران، سینتالیس شقوں پر مشتمل بیان میں غزہ پر صیہونی حکومت کے غیر قانونی فوجی حملوں، فلسطین کے عام شہریوں کے قتل عام اور ان کو جبری نقل مکانی پر مجبورکرنے جیسے اقدامات کی مذمت اور انسانی بنیادوں پر پائیدار اور فوری جنگ بندی پر زور دیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں فلسطین میں ایک آزاد ریاست کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا گیا کہ جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو، ساتھ ہی صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کی ضرورت پر بھی تاکید کی گئی۔ ناوابستہ تحریک کے انیسویں سربراہی اجلاس کے بیان میں رکن ملکوں کی جانب سے، اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کے طور پر فلسطین کی حمایت پر زور دیا گیا ہے۔