یوکرینی قیدیوں کو لے جا رہا روسی طیارہ گر کر تباہ، طیارے پر سوار سبھی افراد کی ہلاکت کا اندیشہ
روسی طیارہ حادثے کی ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے، 65 یوکرینی قیدیوں کو لے جا رہا روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے پر سوار سبھی افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روسی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج بدھ کی صبح روس کا ایک فوجی طیارہ، جس پر 65 یوکرینی قیدیوں سمیت کل 74 افراد سوار تھے، گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق روسی طیارہ روس کے بیلگورود علاقے میں کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا ہے۔ طیارے میں آک لگنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جنگی علاقے میں ایک مشن کو پورا کرنے کے بعد یہ روسی طیارہ واپس آ رہا تھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہوگیا۔ طیارے پر سوار تمام افراد کے مارے جانے کا اندیشہ ہے لیکن خبر لکھے جانے تک کسی سرکاری ذریعہ نے یہ نہیں بتایا ہے کہ کتنے افراد کی موت ہوئی ہے؟
میڈیا میں ایک خبر یہ بھی ہے کہ یہ طیارہ قیدیوں کے تبادل کے لئے جا رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان وقتاً فوقتاً قیدیوں کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔