اسرائیل کو بڑا جھٹکا لگ گیا، اسرائیل کے خلاف غزہ میں نسل کشی کا مقدمہ چلے گا: عالمی عدالت
عالمی عدالت انصاف نے غزہ نسل کشی کیس معطل کرنے کی اسرائیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کیخلاف نسل کشی کیس خارج نہیں کریں گے۔
سحر نیوز/ دنیا: عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے فلسطینیوں کی نسل کشی کیس کے فیصلے میں جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے کیس نہ سننے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی۔
عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کیے جانے کے جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات درست ہیں، اسرائیلی حملوں میں بہت جانی اورانفرااسٹرکچرنقصان ہوا ہے۔
عالمی ادارہ انصاف نے غزہ میں انسانی نقصان پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں بڑے پیمانے پرشہریوں کی اموات ہوئیں اور عدالت غزہ میں انسانی المیے کی حد سے آگاہ ہے۔
عالمی عدالت انصاف نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کیس کے کافی ثبوت موجود ہیں، اسرائیل کے خلاف کچھ الزامات نسل کشی کنونشن کی دفعات میں آتے ہیں۔
عدالت نے اسرائیل کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز نسل کشی کے اقدامات روک دیں اور اسرائیل آج کے حکم کے مطابق اپنے اقدامات کی رپورٹ ایک ماہ میں جمع کروائے، اسرائیل غزہ میں انسانی امداد پہنچنے دے، صورتحال بہتر بنائے اور غزہ کے تنازع میں شامل تمام فریق عدالت کے پابند ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا تھا۔ 11 اور 12 جنوری کو ہونے والی سماعت میں جنوبی افریقا اور اسرائیل نے دلائل پیش کیے تھے۔