Jan ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں اپنی فوج بھیج سکتا ہے امریکہ، فوجی الرٹ پر

ایک امریکی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ میں امریکی زمینی مداخلت کی صورت میں کچھ امریکی افواج کو اس علاقے میں بھیجنے کے لیے الرٹ پر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، انٹرسیپٹ ویب سائٹ نے ایک دستاویز حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کی غزہ جنگ میں امریکی زمینی مداخلت کی صورت میں کچھ امریکی افواج کو اس علاقے میں الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دی انٹرسیپٹ نے لکھا کہ ایک اور دستاویز کے مطابق یہ اسٹینڈ بائی آرڈر ان فوجی اہلکاروں کو جاری کیا گیا تھا جنہیں گزشتہ سال عراق بھیجا گیا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دستاویزات غزہ کی جنگ میں امریکی فوج کی زمینی مداخلت کے امکان کی نشاندہی نہیں کرتی ہیں لیکن یہ غزہ جنگ میں اسرائیل کی حمایت کے لیے پینٹاگون میں فیصلہ سازوں کے منصوبوں کی حد کو ظاہر کرتی ہیں۔

انٹرسیپٹ رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر کو ہونے والے حملوں کے چند روز بعد امریکی فوج نے اپنے 2000 فوجیوں کو حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت کے لیے تعینات ہونے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا۔

پینٹاگون نے دی انٹرسیپٹ کے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا لیکن وائٹ ہاؤس نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل کے لیے اس کی حمایت میں غزہ میں زمینی فوج بھیجنا شامل نہیں ہوگا۔

17 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ اسرائیل کی حمایت کے لیے امریکی زمینی افواج بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اس کے باوجود، جان کربی کے تبصرے کے دو دن بعد ہی، وائٹ ہاؤس نے غلطی سے اسرائیل میں امریکی خفیہ آپریشن کی ایک یونٹ کے ارکان کے ساتھ بائیڈن کی ملاقات کی تصویر شائع کی اور کچھ ہی لمحوں بعد اسے ڈلیٹ کر دیا۔

ٹیگس