فرانس نے 28 صیہونی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دیں
فرانس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطین کے شہریوں کے خلاف ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہونے والے 28 صیہونی آباد کاروں پر پابندیوں کا اعلان کردیا۔
سحر نیوز/ دنیا: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی وزارت برائے یورپ اور خارجہ امور نے بتایا کہ 28 صیہونی آباد کاروں پر فرانس میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ پابندیاں حالیہ مہینوں میں فلسطینیوں پر مغربی کنارے میں ظالمانہ کارروائیوں میں اضافے کے پیش نظر عائد کی گئی ہیں اور فرانس اس طرح کے ناقابل قبول مظالم کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔
اس سے قبل فرانس، پولینڈ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مظالم ناقابل قبول ہیں اور اس پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
فرانس کا کہنا ہے کہ وہ یورپی سطح پر بھی پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہا ہے، عالمی قانون کے مطابق نوآبادیات غیرقانونی ہے اور اس کو روکنا چاہیے۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ فرانس آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کا حامی ہے جو اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کا واحد حل ہے اور اسی طرح دونوں فریق امن اور سلامتی کے ساتھ شانہ بشانہ رہ سکتے ہیں۔