Feb ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • یوکرین، اسرائیل اور تائیوان کے عسکری امدادی پیکج پر امریکہ میں اختلافات

امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ یوکرین ، اسرائیل اور تائیوان کی سیکیورٹی مدد کے لئے بائيڈن کا پچانوے ارب ڈالر کا پیکج منظور کرانے کا فوری طور پرکوئی پروگرام نہیں ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: رو‏ئٹر کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائک جانسن نے ایوان نمائندگان کے رہنماؤں کی ہفتے وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ سینیٹ کی جانب سے ہمیں اقدام کے لئے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے ایک بار پھر تاکید کے ساتھ کہا کہ کسی بھی طرح کے بین الاقوامی انسان دوستانہ امدادی پیکج میں میکسیکو کے ساتھ ریاستہائے متحدہ امریکہ کی سرحدوں پر سیکیورٹی کا جائزہ لینے کا اقدام بھی شامل ہونا چاہئے۔ انھوں نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھا کہ ریپبلکن کے زیرکنٹرول امریکی ایوان نمائندگان، یوکرین اور دیگر ملکوں کے لۓ اربوں ڈالر کے امدادی پیکج کا سینیٹ میں اس کی منظوری کے بعد بھی جائزہ نہيں لیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ اس بل کے ذریعے امریکہ کی جانب سے دسیوں ارب ڈالر کا پیکج دیا جائے گا جس میں یوکرین کے لئے تقریبا ساٹھ ارب ڈالر اور صیہونی حکومت کے لئے چودہ ارب اور دس کروڑ ڈالر کی مدد بھی شامل ہے۔ ڈیموکریٹ اور ریپبلکن، دونوں پارٹیوں کے سینیٹروں نے اس بل کو منظوری دے دی ہے لیکن امریکی ایوان نمائندگان کی تنقید نے کانگریس میں اس کی منظوری پر سوالات کھڑے کردیئے ہيں۔

ٹیگس