غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ قیدیوں کا تبادلہ بھی ہو گا: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے امید ظاہر کی ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا قیام عمل میں آنے کے ساتھ ساتھ قیدیوں کا تبادلہ بھی انجام پائے گا۔
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے قاہرہ مذاکرات اور ان مذاکرات پر صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کی مخالفت کے باوجود امید ظاہر کی ہے کہ تمام فریق ایک ایسے سمجھوتے سے اتفاق کر لیں گے جس کی بنیاد پر غزہ میں انسان دوستانہ جنگ بندی اور تمام قیدی مشروط طور پر رہا ہو جائیں گے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان دوجاریک نے خان یونس میں ناصر اسپتال پر صیہونی فوج کے حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال جیسے مرکز کو لڑائی اور جنگ کا میدان نہیں بنایا جانا چاہئےاور اسپتالوں اور طبی مراکز کے خلاف فوجی اقدامات کی مذمت کی جانی چاہئے۔
دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت نے اپنے جرائم کی پردہ پوشی کی غرض سے جھوٹا پروپیگنڈہ کر کے رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔اس سلسلے میں اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں غزہ کے اسپتالوں اور طبی مراکز کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کئے جانے کے بارے میں صیہونی حکومت کے دعووں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی اپنے جنگی جرائم چھپانے کے لئے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس نے اقوام متحدہ اور انسان دوستانہ تنظیموں سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسپتالوں کا جائزہ لینے اورغاصب صیہونی حکومت کے جھوٹے دعووں کی صداقت کا پتہ لگانے کے لئے غزہ کا دورہ کریں۔