Mar ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۳:۰۹ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو کے وزیر نیتن یاہو کی اجازت کے بغیر ہی امریکہ پہنچ گئے

اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جنگی کابینہ میں شامل ایک وزیر نیتن یاہو کی اجازت کے بغیر ہی امریکی دورے پر واشنگٹن پہچے ہیں اور انہوں نے وہاں کئی امریکی لیڈروں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

سحرنیوز/ دنیا: میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کے ایک رکن وزیر بینی گینٹس اس وقت  امریکہ کے دورے پر ہیں اور مختلف رپورٹوں کے مطابق بینی گینٹس نے نیتن یاہو سے پیشگی اجازت بھی نہیں لی تھی۔ 

بینی گینٹس اسرائیلی فوج کے ایک ریٹائرڈ لیفٹینینٹ جنرل ہیں، جو مئی 2020ء سے لے کر دسمبر 2022ء تک غاصب اسرائیل کے وزیر جنگ بھی رہے ہیں۔ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی شروعات میں ہی اسرائیلی وزیر اعطم نیتن یاہو نے ایک جنگی کابینہ تشکیل دے دی تھی اس میں انہوں نے بینی گینٹس کو بھی شامل کیا تھا۔

گینٹس کی سیاسی جماعت نیشنل یونٹی پارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں اور اس دوران وہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ بینی گینٹس کی پارٹی کے مطابق واشنگٹن میں اپنے قیام کے دوران ان کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے بھی ملنا ہے۔ نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کے رکن بینی گینٹس 3 مارچ سے امریکہ میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے، اے پی، نے نام لیے بغیر ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بینی گینٹس کا وزیر اعظم نیتن یاہو سے اجازت لیے بغیر وزیر کی حیثیت سے امریکی دورے پر جانا اس امر کی طرف ایک اور اشارہ ہے کہ موجودہ اسرائیلی حکومت میں کس حد تک داخلی تقسیم پائی جاتی ہے۔

 

 

ٹیگس