Mar ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • روس اور نیٹو کے درمیان براہ راست ٹکراؤ کا خطرہ

واشنگٹن میں روسی سفیر نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی یورپ میں روس اور نیٹو افواج کے درمیان براہ راست ٹکراؤ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ میں روسی سفیر آناتولی آنتونوف نے کہا ہے کہ کچھ عرصے قبل تک روس کے پڑوس میں امریکہ اور جرمنی کے ٹینکوں کی موجودگی کا تصور بھی نہیں کیا جارہا تھا مگر بعد میں پھر واضح ہوا کہ مغربی افواج یوکرینی فوج کی مدد کر رہی ہیں تاکہ یوکرینی فوج، پیٹریاٹ جیسے مہنگے سسٹم کا استعمال کر کے اپنے اہداف کو نشانہ بنائے۔

واشنگٹن میں روسی سفیر نے تاکید کی ہے کہ اب فوجی کارروائیوں میں نیٹو افواج کی شمولیت کی بات ہو رہی ہے البتہ اس طرح کی کوئی بھی حکمت عملی امریکی حمایت کے بغیر عمل میں نہیں آسکتی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ امریکہ، یورپ اور روس میں کاشتکاروں کا اصل مسئلہ ایک معمول کی نڈر زندگی گذارنے کا ہے جبکہ جنگ پسند، دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور عوامی امنگوں کو نظر انداز کئے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واشنگٹن میں روسی سفیرآناتولی آنتونوف نے کہا کہ امریکی حکام رائے عامہ کو فریب دے کر جنگ کا ذمہ دار روس کو قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ حال ہی میں روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمتری میدودف نے مغرب کی پالیسیوں کے نتائج اور تیسری عالمی جنگ کا خطرہ پیدا ہونے کی بابت سخت خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس نے اپنی سرحدوں کے قریب نیٹو کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے کچھ فوجی اقدامات کئے ہیں۔

روس نے چوبیس فروری دو ہزار بائیس کو یوکرین سے لوہانسک اور دونیسک کی آزادی کو باضابطہ طور پر تسلیم کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے اس علاقے میں اپنی فوج روانہ کر کے خصوصی آپریشن شروع کیا ہے۔

روس نے ہمیشہ اپنے اس فوجی اقدام کا مقصد یوکرین سے نازیوں کا صفایا کرنا، اس ملک کو نہتھا کرنا اور اپنی سیکیورٹی تشویش کو دور کرنا اور اسی طرح لوہانسک و دونیسک کی امدادی درخواست پر جواب دینا قرار دیا ہے اور اس نے ہمیشہ تاکید بھی کی ہے کہ اس کا مقصد یوکرینی علاقوں پر قبضہ جمانا ہرگز نہیں ہے۔

روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی ملکوں نے روس کی شدید مذمت اور اس کے خلاف سخت ترین اقتصادی دباؤ ڈال کر یوکرین کی سیاسی، مالی، اسلحہ جاتی بھرپور حمایت و مدد کر کے جنگ کی آگ کے شعلے زیادہ سے زیادہ بھڑکانے کی پوری کوشش کی ہے۔

روس کے خلاف امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں نے ایسی حالت میں سخت ترین پابندیاں عائد کی ہیں کہ تیل و گيس کے شعبوں میں خود یورپ کے لئے شدید مسائل و مشکلات پیدا ہو گئی ہیں حتی یورپی معیشت کو خود زوال کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

 

 

 

ٹیگس