امریکی صدر کی تقریر کے دوران فلسطین کی حمایت میں نعرے لگ گئے، جوبائیڈن حیران و پریشان
امریکی صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران فلسطینی حامی ایک کارکن نے شدید احتجاج کیا۔
سحرنیوز/ دنیا: عرب میڈیا کے مطابق امریکی شہر اٹلانٹا میں امریکی جوبائیڈن کی تقریر کے دوران فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔ فلسطین کے حامی کارکن نے نعرے لگائے کہ صدر جو بائیڈن تم ایک آمر ہو، فلسطین میں نسل کشی ہو رہی ہے اور تم چپ ہی نہیں بلکہ اس کی حمایت بھی کر رہے ہو۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن کی تقریر شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد احتجاج کرنے والے شخص نے چیخ کر کہا کہ تم کیا کرنے جا رہے ہو، ہزاروں فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
دوسری جانب غزہ شہر کے علاقے بیت لاہیہ میں صیہونی جنگی طیارے کی بم باری کے نتیجے میں متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں نے ابو نصر خاندان کے گھر پر بمباری کی جس میں متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے۔