Mar ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۱ Asia/Tehran
  • بحیرۂ روم میں کشتی پر سوار 60 تارکین وطن بھوک و پیاس کے نتیجے میں دم توڑ گئے

لیبیا سے بحیرۂ روم کے راستے یورپ جانے والی ایک کشتی کا انجن راستے میں خراب ہو گیا جس کے نتیجے میں 60 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: میڈیا ذرائع کے مطابق بحیرۂ روم میں تارکین وطن کی ایک کشتی میں خرابی کی وجہ سے درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ امدادی ادارے ایس او ایس میڈیٹرینی نے مذکورہ کشتی سے پچیس افراد کو بچا لیا ہے۔ بچ جانے والے افراد کے بیان کے مطابق کشتی پر سوار کم سے کم 60 تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق تارکین وطن کی کشتی کا انجن خراب ہونے کے بعد کشتی کئی دن سے بغیر کسی مدد کے سمندر میں تیر رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کشتی پر سوار60 افراد کی موت پینے کی پانی کی کمی اور بھوک کی وجہ سے ہوئی ہے۔

تارکین وطن اس کشتی کے ذریعہ لیبیا سے بحیرۂ روم کے راستے یورپ جا رہے تھے۔ بچ جانے والے افراد نے امدادی ٹیم کے ارکان کو بتایا کہ وہ کئی دن پہلے لیبیا کے ساحل زاویہ سے یورپ کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ ان کے بقول روانگی کے تین دن بعد کشتی کا انجن خراب ہو گیا، جس کے سبب کشتی بغیر خوراک اور پانی کے بس یونہی سمندر کی سطح پر لہروں کے ساتھ بہتی رہی۔

بعض اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کشتی کا بجلی کا سسٹم خراب ہو گيا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کشتی پر سوار 60 افراد کی موت ڈوبنے سے نہیں ہوئی ہے بلکہ بھوک و پیاس کے سبب ہوئی ہے۔

ٹیگس