Apr ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کرنے پرامریکی کانگریس کی رکن الہان عمر کی بیٹی گرفتار

نیویارک کی پولیس نے کولمبیا یونیورسٹی کے احاطے میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ اور جنگ غزہ کے سلسلے میں امریکہ کے دوہرے معیار کے خلاف احتجاج کرنے والے سو سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا یونیورسٹی کے سیکڑوں کی تعداد میں طلبا نے غزہ میں جاری صیہونی جارحیت اور صیہونی حکومت کو فائدہ پہنچانے والی کمپنی کے ساتھ کولمبیا یونیورسٹی کے تعاون کے خلاف احتجاج کیا۔

نیویارک کی پولیس نے کولمبیا یونیورسٹی میں خیمے لگا کر احتجاجی دھرنے پر بیٹھے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا اور ان کے خیمے اکھاڑ دیئے۔

نیویارک کی پولیس نے جن افراد کو گرفتار کیا ان میں امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر کی بیٹی بھی شامل ہے جس پر آئیوی لیگ انسٹیٹیوٹ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا الزام لگایا گیا۔

کولمبیا یونیورسٹی کے طلبا نے صیہونی جارحیت کی مذمت کی اور احتجاجی دھرنا دیا۔ کولمبیا یونیورسٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے احاطے میں ہنگامہ کرنے والے طلبا کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جنھیں یونیورسٹی میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا۔

نیویارک سٹی کے میئر نے کہا ہے کہ کولمبیا یونیورسٹی کے حکام نے یونیورسٹی کے احاطے میں لگے کیمپوں کو اکھاڑنے کا تحریری خط لکھا ہے۔ اس سے قبل کولمبیا یونیورسٹی کے چانسلر نے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ طلبا نے اگر خیمے نہیں ہٹائے تو انھیں یونیورسٹی سے نکال دیا جائے گا۔

ٹیگس