امریکہ کے سابق فوجی سربراہ کا اعتراف، بے شمار بے گناہ انسانوں کو قتل کیا+ ویڈیو
امریکہ کے سابق سینئر فوجی اہلکار مارک ملی کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے کئی بے گناہ لوگوں کو بھی قتل کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: غزہ پٹی میں اسرائیل کے جنگی جرائم کا جواز پیش کرتے ہوئے، امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سابق سربراہ نے زور دیا کہ امریکہ نے نارمنڈی، موصل، رقہ وغیرہ سمیت کئی جگہوں پر بے گناہ لوگوں کو قتل کیا ہے!
فارس نیوز کے مطابق 2019 اور 2023 کے درمیان امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ریٹائرڈ جنرل اور چیئرمین مارک ملی نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ پر تنقید کرنے والوں کو عجیب جواب دیا۔
مارک ملی نے جو ابھی چند ماہ قبل ریٹائر ہوئے تھے اور امریکی فوج کے سب سے سینئر افسر تھے، واشنگٹن میں ایش کارٹر ایکسچینج آن انوویشن اینڈ نیشنل سیکیورٹی کانفرنس (Ash Carter Exchange on Innovation and National Security) میں کہا کہ میں غزہ کے عوام کے لیے جو ہر روز جنگ میں مارے جا رہے ہیں، خوف کا احساس کرتا ہوں لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم نے یعنی امریکہ نے بھی موصل اور رقہ میں لاتعداد انسانوں کو قتل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے 12 ہزار فرانسیسی شہریوں کو قتل کیا اور آج ہم نارمنڈی کی جنگ کی 80 ویں برسی منا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ناگاساکی اور ہیروشیما کے علاوہ ہم نے جاپان کے 69 شہروں کو تباہ کیا، ہم نے بہت سے لوگوں کو بڑے پیمانے پر قتل کیا جن کا حکومتوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، مرد، عورتیں اور بچے۔
مارک ملی کے اسرائیل کی حمایت میں بیانات غزہ میں اسرائیل کے جرائم کے خلاف امریکی عوام کے بڑھتے ہوئے احتجاج پر ردعمل ہے جس کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔