May ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۰:۳۷ Asia/Tehran
  • روس کی سرزمین پر حملے کا ذمہ دار امریکہ ہے

ماسکو کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جانب سے روسی سرزمین پر حملوں کا ذمہ دار امریکہ ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ میں روس کے سفیر اناتولی انتونوف نے یوکرین کو فوجی امداد بھیجنے کے امریکہ کے نئے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ماسکو روسی سرزمین پر حملوں کا ذمہ دار واشنگٹن کو ٹھہراتا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق انتونوف نے کہا کہ زیلنسکی حکومت کو ہتھیاروں کا نیا پیکج بھیجنے کا امریکی اقدام، فرنٹ لائن پر روسی مسلح افواج کی کامیابی پر ردعمل ہے۔

امریکہ میں روسی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی اور افسران اپنی بہادرانہ کوششوں سے روس کی سرزمین کو آزاد کرواتے رہیں گے اور آخرکار امریکہ اس حقیقت کو تسلیم کرلے گا۔

ایک ٹیلی گرام پیغام میں، انہوں نے واشنگٹن کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے روس میں شہری تنصیبات پر یوکرین کے حملوں کی ذمہ داری قبول نہ کرنے پر امریکہ پر تنقید کی۔

اس سینئر روسی سفارت کار کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت اس حقیقت میں دلچسپی نہیں رکھتی کہ امریکی ہتھیار روسی سرزمین پر شہری اہداف کو تباہ کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس منافقانہ طور پر ان حملوں کی ذمہ داری سے گریز کرتا ہے۔

انتونوف کا کہنا تھا کہ امریکی سیاست دانوں کی اکثریت اس بارے میں خاموش ہے کہ نیو نازی یعنی یوکرینی حکام امریکہ سے ملنے والے مہلک ہتھیاروں کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔

ٹیگس