آزاد فلسطینی مملکت کی تشکیل، یورپی یونین کے وزرائے خارجہ سر جوڑ کر بیٹھ گئے
یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور قطر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ آج ایک نشست میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کی تشکیل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے آج مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور قطر کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کے بعد دو حکومتوں کی تشکیل کے فارمولے پر سفارتی دباؤ ڈال کر اسے عملی جامہ پہنانے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ یہ اقدام بعض یورپی ملکوں منجملہ آئرلینڈ، اسپین اور ناروے کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کئے جانے کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بورل نے پیر کو یورپین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل کہا تھا کہ منگل کو عرب ملکوں کے وزرائے خارجہ سے جنگ غزہ کے مستقبل اور دو حکومتوں کی تشکیل کے فارمولے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر گفتگو ہوگی۔ انھوں نے غزہ کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائی اور غرب اردن میں نئی تعمیرات کی توسیع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات کا ذکر کیا کہ ان مسائل سے دو حکومتوں کی تشکیل کا فارمولہ کمزور ہوا ہے۔