رفح سے موصول ہونے والی خبریں بہت تلخ اور دردناک ہیں: جمی میک گولڈرک
رفح پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: منگل کی صبح کو شہر رفح میں صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد سولہ تک پہنچ گئی ہے- آج صبح شہر رفح پرحملے میں دسیوں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں-
صیہونی حکومت نے گذشتہ رات سے اب تک شہر رفح کے مختلف علاقوں پر حملے کئے ہيں اور اس شہر کے شمال مغرب میں واقع پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر بھی حملہ کیا ہے -
الجزیرہ کے مطابق مغربی شہر رفح میں واقع تل السلطان اور انڈونیشیا اسپتالوں کے اندر فائرنگ اور گولہ باری کے سبب طبی عملے اور بیماروں کی ایک بڑی تعداد پھنس کر رہ گئی ہے اور صیہونی فوج نے ان کو محاصرے میں لے رکھا ہے-
آج صبح مرکزی غزہ میں واقع البریج کیمپ کے ایک گھر پر صیہونی حکومت کے حملوں میں دو افراد شہید اور کئی دیگر زخمی ہوگئے-
البریج کیمپ کے مشرقی علاقوں ، النصیرات کیمپ کے شمال اور مرکزی غزہ کے المغراقہ اور الزہراء علاقوں پر بھی جارح صیہونی فوجیوں نے توپخانے کے شدید حملے کئے ہیں-
دوسری جانب المغازی کیمپ کا مشرقی علاقہ اور غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع شہر دیر البلح آج صبح اسرائیلی فوج کے توپ خانے کے حملوں سے محفوظ نہیں رہا۔
اسی دوران اقوام متحدہ کے انسانی امور کے کوآرڈينیٹر نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح پر صیہونی حکومت کے حملوں کے بارے میں موصول ہونے والی خبریں بہت تلخ ہیں ۔ جمی میک گولڈرک نے کہا کہ رفح سے موصول ہونے والی خبریں بہت تلخ اور دردناک ہیں کیونکہ ان حملوں میں درجنوں افراد کہ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، زندہ جلا دینے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں - اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ کار نے مزید کہا کہ سزاؤں سے فرار کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا اور ہم غزہ میں شہریوں کی جانوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس سے قبل مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی رپورٹر فرانچسکا آلبانیز نے اپنے بیانات میں اس بات پر زور دیا تھا کہ صیہونی حکومت نے غزہ میں نسل کشی کی ہے۔ آلبانیز نے مزید کہا کہ اتوار کو رفح میں جو کچھ ہوا وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے لیے سب سے ہولناک واقعہ تھا۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی رفح میں فلسطینی پناہ گزینوں پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں رفح میں جنگ کے جاری رہنے پر گہری تشویش ہے اور ہم مہاجرین پر بلاجواز حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے اس بیان میں مزید کہا کہ رفح کے اسپتالوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور ہم فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں رفح کے الکویت اسپتال کے ڈائریکٹر صہیت الہمص نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے رفح صوبے پر حملوں میں توسیع کے پیش نظر اس اسپتال کی خدمات رک گئی ہیں۔