انروا کی صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات پر کڑی نکتہ چینی
فلسطینی تارکین وطن کے لئے اقوام متحدہ کی تنظیم انروا نے ناجائز صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے غزہ کے عوام کو بار بار نقل مکانی کرنے پر مجبور کرنے کا سلسلہ روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق انروا کے سربراہ فلیپ لازارینی نے اپنی ایک ایکس پوسٹ میں لکھا کہ مسلسل نقل مکانی اور بقا و مایوسی کے درمیان پھنسے رہنے کا یہ سلسلہ اب رک جانا چاہیے۔ لازارینی کا یہ بیان غاصب صیہونی ٹولے کے اس اقدام کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اُس نے غزہ کے مکینوں کو دو علاقوں خان یونس اور رفح کو ایک بار پھر خالی کرنے پر مجبور کیا ہے۔ انروا کے سربراہ نے مزید لکھا کہ گزشتہ اکتوبر کے مہینے کے بعد سے اب تک اہل غزہ کی نقل مکانی کا یہ سب سے بڑا فیصلہ ہے جس نے تقریبا ایسے ڈھائی لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے جو پہلے کئی بار نقل مکانی پر مجبور کئے جا چکے ہیں۔
فلیپ لازارینی نے غزہ کی المناک صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ اب لوگوں کے پاس پناہ لینے کو کوئی جگہ نہیں بچی ہے، وہ بڑی مایوسی کے ساتھ اپنے تحفظ کی تلاش میں ہیں اور اکثر و بیشتر تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے اور کھنڈرات میں وہ اپنے لئے وقتی طور پر ایک پناہ گاہ بنا لیتےہیں، ایسی صورتحال بالخصوص بچوں کے لئے بڑی خطرناک ہے۔