Jul ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • چیمپیئنز کا فائنل، ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے، کرکٹ شائقین کے لئے بڑا دن

پاکستان اور ہندوستان انگلینڈ میں جاری ورلڈ کرکٹ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے سیمی فائنل میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئے۔

سحر نیوز/ دنیا: نارتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپیئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اٹھانوے رنز بنائے۔  کپتان یونس خان پینسٹھ اور کامران اکمل چھیالیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔

عامر یامین کے چآلیس اور سہیل تنویر کے تینتیس رنز نے بھی ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم ایک سو اٹھتر رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ سہیل خان نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان چیمپیئنز نے آسٹریلیا چیمپیئنز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے چھیاسی رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی جانب سے اوپنر رابن اتھاپا نے پینتیس بالز کھیل کر پینسٹھ رنز، یووراج سنگھ نے اٹھائیس گیندوں پر انسٹھ رنز بنائے، یوسف پٹھان نے اکاون اور عرفان پٹھان نے پچاس رنز بنائے۔

اس طرح ہندوستان چیمپئنز نے چھے کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ بیس اوورز میں دو سو چون رنز بنائے۔ آسٹریلیا چیمپئنز دو سو پچپن رنز کے تعاقب میں بیس اوورز میں ایک سو اڑسٹھ رنز ہی بنا سکی اور چھیاسیرنز سے میچ ہار گئی۔

فائنل میں آج پاکستان چیمپئنز کا مقابلہ ہندوستان چیمپئنز سے ہو گا۔

ٹیگس