اسرائیل کے فیصلے کے المناک نتائج برآمد ہوں گے: جوزف بورل
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے آنروا کی سرگرمیوں پر اسرائیل کی پابندی کے فیصلے کے نتائج پر خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بورل نے اس بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے موقف کے ساتھ ساتھ یہ خیال رکھتی ہے کہ اسرائیل کے فیصلے کے المناک نتائج برآمد ہوں گے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صیہونی کابینہ نے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے آنروا کا نام دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرنے کے لئے مجوزہ منصوبے کی ابتدائی منظوری دے دی ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بورل نے اس بیان میں خبردار کیا ہے کہ اس منصوبے کی حتمی منظوری کی صورت میں اسرائیل اور انروا کا سن سڑسٹھ کا سمجھوتہ منسوخ اور مشرقی بیت المقدس سمیت مختلف علاقوں میں اس ادارے کی سرگرمیاں معطل اور غزہ میں انجام پانے والی اس کی سرگرمیوں کے نتائج تباہ ہو جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ انروا غزہ اور غرب اردن اور اسی طرح مشرقی بیت المقدس اور لبنان، شام اور اردن میں ضروری خدمات پیش کر رہا ہے اور علاقے میں استحکام کا باعث ہے۔ جوزف بورل نے کہا کہ یورپی یونین قانون کی بنیاد پر اقوام متحدہ اور چند جانبہ رجحان کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور یہ کہ انروا اقوام متحدہ کا ہی ایک ادارہ ہے۔